بٹگرام کے علاقے الائی میں جنگلات کی کٹائی کی وائرل ویڈیو پر انکوائری کمیٹی تشکیل
خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام کی تحصیل الائی میں جنگلات کی کٹائی سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ جنگلات نے تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی کو درختوں کی کٹائی کے قانونی جواز، منظور شدہ اجازت ناموں اور لکڑی کی مقدار سمیت تمام متعلقہ معاملات کا تفصیلی جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
محکمہ جنگلات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کنزرویٹر فارسٹ رئیس خان کو انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی بٹگرام کے علاقے الائی کی شمشیر ویلی کے گنتر کمپارٹمنٹ نمبر 8 میں درختوں کی کٹائی سے متعلق سامنے آنے والے معاملے کی تحقیقات کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق انکوائری کمیٹی اس بات کا جائزہ لے گی کہ متعلقہ علاقے میں درختوں کی کٹائی کے لیے قانونی اجازت حاصل کی گئی تھی یا نہیں اور آیا کٹائی محکمہ جنگلات کی منظور شدہ مارکنگ کے مطابق کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ ریکارڈ، اجازت ناموں اور انتظامی دستاویزات کی جانچ پڑتال بھی کی جائے گی۔
کمیٹی کٹائی کیے گئے درختوں کی مجموعی تعداد، ان کی اقسام اور لکڑی کے حجم کا بھی تعین کرے گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ عملی طور پر ہونے والی کٹائی منظور شدہ منصوبے اور سرکاری ریکارڈ کے مطابق ہے یا نہیں۔
دوسری جانب محکمہ جنگلات نے الائی میں غیرقانونی جنگلات کی کٹائی سے متعلق تاثر کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے مطابق مذکورہ علاقے سے حاصل کی گئی لکڑی کسی غیرقانونی سرگرمی کا نتیجہ نہیں بلکہ اسے منظور شدہ انتظامی منصوبے کے تحت قانونی طریقے سے حاصل کیا گیا ہے۔
محکمے کا مزید کہنا ہے کہ کٹائی کے بعد حاصل ہونے والی لکڑی کا ذخیرہ اور اس کی آئندہ نیلامی بھی مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ الائی کی شمشیر ویلی میں جنگلات کی کٹائی سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مختلف حلقوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا تھا اور معاملے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
انکوائری کمیٹی کی تشکیل کو اسی سلسلے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اب کمیٹی کی تحقیقات سے یہ واضح ہوگا کہ جنگلات کی کٹائی مقررہ قانونی ضوابط اور منظور شدہ منصوبے کے مطابق کی گئی یا اس معاملے میں کسی قسم کی بے ضابطگی ہوئی ہے۔








