گورنرخیبرپختونخوا میں پائیدار امن اور ترقی کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیر داخلہ

خیبرپختونخوا میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات جاری

اسلام آباد:ویب ڈیسک

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، گورننس اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران ضم شدہ اضلاع کی سیکیورٹی صورتحال، افغان سرحد سے ممکنہ دراندازی اور خطے میں امن و امان کے چیلنجز پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر فتنہ الخوارج کے خلاف جاری کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی بہترین سفارتکاری کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ متحد کھڑے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا وفاق کی ایک اہم اکائی ہے اور صوبے میں پائیدار امن اور ترقی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بہتری کے لیے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون مزید مضبوط کیا جائے گا تاکہ عوام کو تحفظ اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

More News