خیبر پختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ، بابوسر ٹاپ ٹریفک کیلئے بند

خیبر پختونخوا میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری، سردی کی شدت میں اضافہ، بابوسر ٹاپ ٹریفک کیلئے بند

پشاور: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا، جبکہ برفباری کے بعد شاہراہ بابوسر ٹاپ کو ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چترال میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ لواری ٹنل، کالاش ویلیز، مڈک لشٹ، گبور، بگوشٹ اور بالائی چترال کے مختلف علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث بارانی علاقوں میں گندم کی بوائی کے لیے موسم سازگار ہوگیا، جس پر کاشتکاروں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب شدید سردی کے باعث چترال میں سوختنی لکڑی کی طلب بڑھ گئی ہے، جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں لکڑی کی قیمت میں 300 سے 500 روپے فی من اضافہ ہوگیا ہے۔ گیس سلنڈر کی عدم دستیابی کے باعث فی کلو گیس 650 سے 700 روپے میں فروخت ہو رہی ہے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بالاکوٹ اور گردونواح میں بارش جبکہ بالائی وادی کاغان میں برفباری کا سلسلہ تھم گیا۔ بٹہ کنڈی اور بڑاوئی میں شدید سردی کے باعث مقامی آبادی کی نقل مکانی بھی شروع ہوگئی ہے۔ انتظامیہ نے سیاحوں کو شوگران اور ناران کا رخ کرنے کی اجازت دی ہے۔

ادھر صوابی کے علاقوں تورڈھیر، جلبئی اور دیگر مقامات پر ژالہ باری اور ہلکی بارش ہوئی، جس سے سبزیوں، آلو کی فصلوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

More News