معرکہ حق میں آذربائیجان کی پاکستان کےلئے غیر متزلزل حمایت لائق تحسین قرار

آذربائیجان کی پاکستان کیلئے غیر متزلزل حمایت قابلِ تحسین ہے، عبدالعلیم خان

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات اور استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں آذربائیجان کی جانب سے پاکستان کے لیے غیر متزلزل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت قابلِ تحسین ہے، اور پاکستان مشکل وقت میں دیے گئے اس ساتھ کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔

انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں آذربائیجان کے 108ویں قومی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں وہ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب میں پاکستان اور آذربائیجان کے اعلیٰ حکام، سفارت کاروں، سیاسی رہنماؤں اور مختلف مسلم ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

عبدالعلیم خان نے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد اور باکو کے درمیان تعلقات روز بروز مضبوط اور قریبی ہوتے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں برادر ممالک کے تعلقات تاریخی، مذہبی اور ثقافتی بنیادوں پر قائم ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آذربائیجان مسلم دنیا میں پہلے پارلیمانی جمہوریہ ملک ہونے کا اعزاز رکھتا ہے اور اس کی ترقی، استحکام اور جدید طرزِ حکمرانی دنیا کیلئے مثال ہے۔ عبدالعلیم خان نے آذربائیجان کی قیادت، بالخصوص صدر الہام علیوف کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں آذربائیجان نے خطے میں نمایاں ترقی کی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 1991 میں آذربائیجان کی آزادی کے بعد پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کو نئی جہت ملی اور دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک مستقبل میں بھی باہمی اشتراک اور دوطرفہ تعاون کے ذریعے اکیسویں صدی کے چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کریں گے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام معرکہ حق کے دوران آذربائیجان کی بھرپور حمایت پر شکر گزار ہیں۔ ان کے مطابق ایسے مواقع پر دوست ممالک کی حمایت نہ صرف سفارتی سطح پر اہمیت رکھتی ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بناتی ہے۔

انہوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تجارتی اور ٹرانزٹ معاہدوں کو خطے کیلئے انتہائی اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان زمینی رابطوں میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے، جس سے نہ صرف تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ علاقائی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر مواصلات نے بتایا کہ گزشتہ برس 90 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے آذربائیجان کا رخ کیا، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط اور سیاحتی دلچسپی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت، تجارت، تعلیم اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

تقریب میں خضر فرہادوف نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی، سید غلام مصطفیٰ شاہ، ملک احمد خان، مصدق ملک، اعظم نذیر تارڑ، شزا فاطمہ، فاروق ستار اور مریم اورنگزیب سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں موجود مقررین نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک خطے میں امن، ترقی اور استحکام کیلئے مشترکہ کردار ادا کرتے رہیں گے۔

More News