ایشین گیمز 2026 سے پہلے بڑا مسئلہ، 17 ہزار شرکاء کے لیے رہائش کم پڑ گئی

ایشین گیمز 2026 سے پہلے بڑا مسئلہ، 17 ہزار شرکاء کے لیے رہائش کم پڑ گئی

جاپان: ایشین گیمز 2026 کے آغاز سے قبل منتظمین کو شرکاء کی رہائش کے حوالے سے بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گیمز میں شرکت کرنے والے افراد کی تعداد 15 ہزار سے بڑھ کر 17 ہزار تک پہنچ گئی ہے، جس کے باعث اضافی شرکاء کے لیے رہائش کا انتظام مشکل ہوگیا ہے۔

جاپانی گیمز حکام کے مطابق اضافی شرکاء کے لیے نہ تو مطلوبہ بجٹ موجود ہے اور نہ ہی رہائش کی مناسب گنجائش، اسی لیے کچھ اضافی شرکاء کو اپنی رہائش کا انتظام خود کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق تقریباً 4 سے 5 ہزار کھلاڑی کروز شپ میں قیام کریں گے، جبکہ مزید 2 ہزار کھلاڑیوں اور حکام کے لیے عارضی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔

اس بار ایشین گیمز کے لیے روایتی ایتھلیٹس ولیج قائم نہیں کیا گیا۔ اس کے بجائے کھلاڑیوں اور حکام کے لیے کنٹینر طرز کی عارضی رہائش تیار کی گئی ہے۔ دیگر شرکاء کو مختلف ہوٹلوں میں ٹھہرایا جائے گا، جبکہ کچھ افراد کی رہائش ٹوکیو میں بھی ہوگی۔

شرکاء کی تعداد کم کرنے کی درخواست

میڈیا رپورٹس کے مطابق منتظمین نے اولمپک کونسل آف ایشیا سے شرکاء کی تعداد کم کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

ایشین گیمز میں مجموعی طور پر تقریباً 11 ہزار کھلاڑی اور 6 ہزار حکام کی شرکت متوقع ہے۔ منتظمین نے ابتدا میں 15 ہزار افراد کی میزبانی کے لیے بجٹ مختص کیا تھا، تاہم تعداد 17 ہزار تک پہنچنے کے بعد اضافی افراد کے لیے رہائش فراہم کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مارچ میں ایشین گیمز کے پروگرام میں ٹیک بال اور پیڈل کو بھی شامل کیا گیا تھا، جس کے بعد شرکاء کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا۔

ایشین گیمز 2026 کا انعقاد 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک جاپان کے شہر ناگویا اور آچی کے دیگر علاقوں میں ہوگا۔

More News