جمرود میں 567 سے زائد پی ٹی سی اساتذہ فارغ، تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ
جمرود:عزت گل
ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میں 567 سے زائد پی ٹی سی (پیرنٹ ٹیچر کونسل) اساتذہ کی خدمات ختم کر دی گئی ہیں، جس کے بعد سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی اور طلبہ کی تعلیم متاثر ہونے کے خدشات سامنے آ گئے ہیں۔
پی ٹی سی اساتذہ کے مطابق وہ مختلف سرکاری تعلیمی اداروں میں تدریسی فرائض انجام دے رہے تھے اور ان کی برطرفی سے متعدد سکولوں میں تدریسی عمل متاثر ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی ماہ کے دوران انہوں نے اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے اور تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
اساتذہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی خدمات کے خاتمے سے نہ صرف طلبہ کی پڑھائی متاثر ہوگی بلکہ تعلیمی معیار میں بھی کمی آنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فیصلے پر نظرثانی کی جائے اور تدریسی عمل کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم ضلع خیبر کے حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ اساتذہ کی تعیناتی پیرنٹ ٹیچر کونسل (PTC) کے تحت عارضی بنیادوں پر صرف چار ماہ کے لیے کی گئی تھی۔ حکام کے مطابق انہیں 25 ہزار روپے ماہانہ معاوضے پر مقرر کیا گیا تھا اور منصوبے کی مقررہ مدت مکمل ہونے کے بعد ڈائریکٹوریٹ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق ان کی خدمات ختم کر دی گئی ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق گرمیوں کی تعطیلات شروع ہونے کے باعث فوری طور پر کوئی نیا فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم تعطیلات کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکام نے بتایا کہ ضرورت پڑنے پر یا تو موجودہ منصوبے میں توسیع کی جا سکتی ہے یا نئی بھرتیوں کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
علاقے کے والدین، طلبہ اور سماجی حلقوں نے حکومت اور محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلیمی عمل کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں تاکہ طلبہ کی تعلیم متاثر نہ ہو اور سکولوں میں اساتذہ کی کمی کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ جمرود اور ضلع خیبر کے دیگر علاقوں میں پہلے ہی تعلیمی سہولیات محدود ہیں، ایسے میں بڑی تعداد میں اساتذہ کی خدمات کا خاتمہ تعلیمی نظام کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے۔








