شہید بینظیر آباد میں تاریخ کا گرم ترین دن ریکارڈ، 15 سال پرانا درجہ حرارت کا ریکارڈ برابر
کراچی: سندھ بھر میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے، جبکہ شہید بینظیر آباد میں تاریخ کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جس کے ساتھ ہی 15 سال قبل قائم ہونے والا ریکارڈ بھی برابر ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق شہید بینظیر آباد میں 8 جون 2011 کو 51 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا، جبکہ 11 جون 2026 کو ایک بار پھر پارہ اسی سطح تک پہنچ گیا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق یہ درجہ حرارت نہ صرف غیر معمولی ہے بلکہ انسانی صحت، زراعت اور روزمرہ زندگی پر بھی منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ کے کئی اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے اور متعدد شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا۔ دادو اور شہید بینظیر آباد 51 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ صوبے کے گرم ترین علاقے قرار پائے۔
قدیم تاریخی شہر موئن جو دڑو بھی شدید گرمی سے متاثر رہا جہاں درجہ حرارت 50.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح لاڑکانہ، جیکب آباد اور سکرنڈ میں بھی پارہ 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ روہڑی میں 48.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ پادیدن میں بھی درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ حیدرآباد شہر میں گرمی کی شدت برقرار رہی جہاں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ حیدرآباد ایئرپورٹ پر پارہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
خیرپور میں درجہ حرارت 47 اور میرپورخاص میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ تھرپارکر کے علاقے مٹھی میں 43.5 جبکہ چھور میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت نوٹ کیا گیا۔ بدین اور ٹنڈوجام میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ٹھٹہ میں 39.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
دوسری جانب کراچی میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہی۔ شہر قائد کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جناح ٹرمینل اور گلستانِ جوہر میں بھی پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، جبکہ شاہراہ فیصل پر 39 اور ماڑی پور میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بن قاسم شہر کا نسبتاً کم گرم علاقہ رہا جہاں درجہ حرارت 34.6 ڈگری سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا۔
ماہرین موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی استعمال کریں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کیونکہ آئندہ چند روز تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔








