آزاد کشمیر میں پرتشدد احتجاج؛ 8 روز میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید، 89 زخمی، 425 افراد گرفتار
مظفرآباد:ویب ڈیسک
آزاد جموں و کشمیر میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مبینہ پرتشدد احتجاج کے دوران سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ پولیس کے مطابق 6 سے 14 جون 2026 کے دوران مختلف واقعات میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 89 اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں کرتے ہوئے 425 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
آزاد کشمیر پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق احتجاج، توڑ پھوڑ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور امن و امان کی صورتحال متاثر کرنے کے الزامات کے تحت مختلف اضلاع میں مجموعی طور پر 81 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان مقدمات کے سلسلے میں اب تک 425 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مزید افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد کے قبضے سے حساس نوعیت کے آلات اور دیگر اشیا بھی برآمد ہوئی ہیں، جنہیں مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ 400 سے زائد افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے اور قانون کے مطابق تمام معاملات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ احتجاج کے دوران مختلف مقامات پر سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 اہلکار شہید اور 89 زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ بعض کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق احتجاج کے دوران راولاکوٹ سمیت دیگر علاقوں میں کشیدگی دیکھنے میں آئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بعض مظاہرین نے اسپتالوں اور دیگر سرکاری اداروں کو بھی نقصان پہنچایا۔ سی ایم ایچ میں مبینہ طور پر توڑ پھوڑ، طبی سہولیات میں خلل اور اہم ریکارڈ کو نقصان پہنچانے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق راولاکوٹ کے علاوہ مظفرآباد، باغ، نیلم، بھمبر، میرپور، کوٹلی اور دیگر علاقوں میں بھی مختلف نوعیت کے احتجاج، شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتالوں کے اثرات دیکھنے میں آئے۔ تاہم سیکیورٹی فورسز اور انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں صورتحال بتدریج معمول پر آ رہی ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے تمام داخلی اور خارجی راستے کھلے ہیں اور آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی بحال ہو چکی ہے جبکہ شہری زندگی معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ساتھ ہی عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو فراہم کریں۔








