ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے متعدد شہروں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کر دیا

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر بارش بھی متوقع ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، بھکر، لیہ اور میانوالی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت کئی اضلاع میں بارش متوقع ہے، جبکہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی اور مردان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی سندھ کے بعض علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق بارشوں سے گرمی کی شدت میں کمی آئے گی، تاہم بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہوگی۔

More News