پیٹرول اور ڈیزل سستا ہونے کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان
لاہور: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد ملک بھر کے پبلک ٹرانسپورٹرز نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔ ان کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد کرایوں میں کمی ناگزیر تھی تاکہ عوام کو بھی اس ریلیف کا براہِ راست فائدہ پہنچ سکے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کیا تھا۔ حکومتی فیصلے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 74 روپے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 67 روپے کمی کی گئی۔
نئے نرخوں کے تحت پیٹرول کی قیمت 373 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے فی لیٹر سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
ٹرانسپورٹ سیکٹر کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک منتقل کرنے کے لیے کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کو مالی ریلیف ملے گا۔
ماہرین کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی سے نہ صرف عوامی سفری اخراجات کم ہوں گے بلکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر آنے والی لاگت میں بھی کمی کا امکان ہے، جس کے مثبت اثرات مجموعی معیشت پر مرتب ہو سکتے ہیں۔








