ایران امریکا مذاکرات: وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے

ایران امریکا مذاکرات، وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے

زیورخ: وزیراعظم محمد شہباز شریف ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی عمل کے سلسلے میں منعقد ہونے والے مذاکرات میں شرکت کے لیے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سوئٹزرلینڈ پہنچ گئے ہیں۔

وزیراعظم آفس کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد آج برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ میں تکنیکی سطح کے مذاکرات منعقد ہوں گے، جن میں مختلف امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مذاکراتی عمل میں شرکت کریں گے۔ اس مقصد کے لیے پاکستانی وفد زیورخ پہنچ چکا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم مذاکرات کے موقع پر شریک ممالک کے وفود سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تعاون کو فروغ دینا ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان خطے میں امن، استحکام اور سفارتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا اور ایران امریکا مفاہمتی عمل کی حمایت کرتا رہے گا۔

دوسری جانب امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر پہلے ہی سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی مذاکرات میں شرکت کے لیے وہاں پہنچ چکے ہیں۔

ادھر ایران کا اعلیٰ سطحی وفد بھی باقر قالیباف کی قیادت میں سوئٹزرلینڈ پہنچ گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، قومی سلامتی کونسل کے سینئر عہدیدار علی باقری، مرکزی بینک کے گورنر عبدالناصر ہمتی، کاظم غریب آبادی اور اسماعیل بقائی شامل ہیں۔

مبصرین کے مطابق برگن اسٹاک مذاکرات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران امریکا تعلقات میں پیش رفت کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں۔

More News