یکم جولائی 2026 سے پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی ختم، ڈیجیٹل ادائیگی لازمی
اسلام آباد: ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی 2026 سے ملک بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر میں نقد فیس وصولی کا نظام ختم کر دیا جائے گا۔ آئندہ پاسپورٹ فیس صرف ڈیجیٹل ذرائع، بالخصوص کیو آر کوڈ کے ذریعے ادا کی جا سکے گی۔
یہ فیصلہ ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منعقدہ زونل سربراہان کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے نظام کے تحت درخواست گزاروں کو پاسپورٹ فیس کی ادائیگی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کرنا ہوگی۔
حکام کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے جلد ہی ایک نئی پاسپورٹ موبائل ایپ متعارف کرائی جائے گی، جس کے ذریعے اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانی گھر بیٹھے پاسپورٹ کی درخواست جمع کرا سکیں گے۔ اس کے علاوہ درخواست گزار اپنا پاسپورٹ اپنی دہلیز پر بھی وصول کر سکیں گے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس مستقبل میں صرف ای پاسپورٹس جاری کرے گا۔ تاہم اس وقت زیر استعمال تمام مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس (MRPs) اپنی مقررہ مدت تک مکمل طور پر قابلِ استعمال اور بین الاقوامی سطح پر قابلِ قبول رہیں گے۔
اس اقدام کا مقصد پاسپورٹ خدمات کو مزید جدید، شفاف اور عوام دوست بنانا ہے، جبکہ ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔








