خیبر پختونخوا پولیس کی ششماہی کارکردگی رپورٹ جاری، 2 ہزار سے زائد انٹیلی جنس آپریشنز، 504 دہشت گرد گرفتار
پشاور(عمران بخاری )خیبر پختونخوا پولیس نے سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں سے متعلق ششماہی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردوں کے خلاف 2 ہزار 4 انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز کیے۔
سنٹرل پولیس آفس کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 504 دہشت گرد گرفتار کیے گئے، جبکہ 182 دہشت گرد اور اشتہاری ملزمان مارے گئے۔ گرفتار ہونے والوں میں 14 انتہائی اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال پولیس پر دہشت گردوں کے 294 حملے ہوئے، جن میں سے 161 حملوں کو جدید آلات اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ناکام بنایا گیا۔ اسی طرح دہشت گردوں کے 341 ڈرون حملوں کو جدید اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ناکام بنایا گیا۔
سنٹرل پولیس آفس کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت گزشتہ چھ ماہ کے دوران 2 ہزار 742 سے زائد سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران 10 ہزار 540 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔








