پشاور میں مبینہ پولیس مقابلہ، کسٹم اہلکار کے قتل میں ملوث ملزم ہلاک
پشاور(نیوز ڈیسک )پشاور کے تھانہ پشتخرہ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران کسٹم اہلکار عباس احمد کے قتل میں ملوث ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت عبد القیوم کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ایک ہفتہ قبل کسٹم اہلکار عباس احمد کو ان کے گھر کے قریب فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ مقابلے کے بعد ہلاک ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور فرار ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔








