بلوچستان کے 142 ہائی رسک یونین کونسلز میں 13 جولائی سے خصوصی پولیو مہم شروع ہوگی

بلوچستان کے 142 ہائی رسک یونین کونسلز میں 13 جولائی سے خصوصی پولیو مہم شروع ہوگی

ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) بلوچستان کے زیر اہتمام 13 جولائی سے صوبے کی 142 ہائی رسک یونین کونسلز میں سات روزہ خصوصی پولیو مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر 7 لاکھ 30 ہزار 670 بچوں کو فریکشنل اِن ایکٹیویٹڈ پولیو ویکسین (ایف آئی پی وی) لگائی جائے گی۔

ای او سی بلوچستان کے کوآرڈینیٹر انعام الحق کے مطابق مہم کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، چمن اور برشور کے ہائی رسک علاقوں میں چلائی جائے گی، جہاں ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی سامنے آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مہم کے لیے 2 ہزار 700 تربیت یافتہ پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد بچوں میں قوت مدافعت کو مضبوط بنانا اور پولیو وائرس کی منتقلی کا سلسلہ روکنا ہے۔

ای او سی نے والدین، علماء کرام، قبائلی عمائدین، میڈیا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ ہر بچے کو حفاظتی ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

More News