پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانستان کیلئے امدادی سامان کی ترسیل کی اجازت دے دی
پشاور: پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانستان کیلئے خوراک اور ادویات پر مشتمل امدادی سامان کی ترسیل کی اجازت دے دی ہے۔ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد امدادی سامان طورخم بارڈر کے راستے مرحلہ وار افغانستان بھیجا جائے گا۔
وزارت خارجہ کے مطابق امدادی سامان کی روانگی کیلئے این او سی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی ہدایت پر جاری کیا گیا، جس کے بعد امدادی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر ایک ہزار کنٹینرز مرحلہ وار افغانستان منتقل کیے جائیں گے۔ ابتدائی مرحلے میں 25 کنٹینرز طورخم پہنچے، جن میں سے 21 کنٹینرز کی کسٹم کلیئرنس مکمل کر لی گئی ہے اور انہیں افغان حکام کے حوالے کر کے افغانستان روانہ کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام افغانستان میں جاری انسانی امدادی سرگرمیوں کے تحت ضرورت مند افراد تک خوراک اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے۔
پاکستان کا یہ فیصلہ خطے میں انسانی تعاون، عوامی فلاح اور ہمسایہ ملک کے عوام کی مدد کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔








