وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت واپڈا کے میگا منصوبوں پر اجلاس، رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت واپڈا کے میگا منصوبوں پر اجلاس، رکاوٹیں فوری دور کرنے کی ہدایت

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت واپڈا کے ہائیڈرو پاور اور آبی وسائل کے میگا منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں صوبائی کابینہ کے اراکین ریاض خان اور مزمل اسلم، وفاقی سیکرٹری واٹر ریسورسز، چیئرمین واپڈا اور دیگر وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سی آر بی سی لفٹ کنال، مہمند ڈیم، نیو منڈا ہیڈ ورکس اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سی آر بی سی لفٹ کنال منصوبے کے لیے زمین کی خریداری اور عملے کی سکیورٹی جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ سی آر بی سی لفٹ کنال منصوبہ خیبرپختونخوا کی غذائی تحفظ میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرے گا، جس سے 2 لاکھ 95 ہزار سے زائد ایکڑ بنجر زمین زیرکاشت لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی عدم توجہی کے باعث منصوبہ غیر ضروری تاخیر کا شکار رہا، جس سے اس کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہوا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی آر بی سی لفٹ کنال منصوبے پر 6 پیکجز میں کام جاری ہے، جسے 2027 سے 2030 کے دوران مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کے لیے 65 فیصد فنڈنگ وفاق جبکہ 35 فیصد صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔

اجلاس میں مہمند ڈیم رائٹ بینک ایریگیشن کنال کے لیے 81 ایکڑ اراضی کے حصول میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ بریفنگ کے مطابق مہمند ڈیم پر 54 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور منصوبہ ستمبر 2028 تک مکمل ہوگا۔ منصوبے سے 17 ہزار 742 ایکڑ اراضی زیرکاشت آنے کے علاوہ 800 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور پشاور کو روزانہ 30 کروڑ گیلن پینے کا پانی فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں حائل رکاوٹیں بھی فوری دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ داسو منصوبہ قوم کا سرمایہ ہے اور اس کی کامیاب تکمیل کے لیے صوبائی حکومت بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

More News