خیبرپختونخوا حکومت نے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کی نئی پالیسی جاری کردی

خیبرپختونخوا حکومت نے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کی نئی پالیسی جاری کردی

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کی نئی پالیسی جاری کرتے ہوئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے فنڈز دو مرحلوں میں جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ نئے منصوبوں کے لیے انتظامی منظوری لازمی قرار دے دی گئی ہے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق ترقیاتی بجٹ کی پہلی قسط 40 فیصد جبکہ دوسری قسط 60 فیصد ہوگی، تاہم تمام فنڈز کا اجرا مالی وسائل کی دستیابی سے مشروط ہوگا۔

پالیسی کے تحت جاری منصوبوں کو ان کی منظور شدہ لاگت کے تناسب سے فنڈز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ نئے منصوبوں کے لیے متعلقہ محکمے کی انتظامی منظوری کے بعد ہی فنڈز جاری کیے جائیں گے۔

محکمہ خزانہ کے مطابق اگر کسی نئے منصوبے کی منظوری 7 جنوری 2027ء کے بعد ملتی ہے تو اس کی مکمل رقم ایک ہی قسط میں جاری کی جاسکے گی۔

پالیسی میں مزید کہا گیا ہے کہ یکم اکتوبر 2026ء کے بعد تیز رفتار، ترجیحی منصوبوں یا مشینری، آلات اور اراضی کی خریداری سے متعلق منصوبوں کے لیے ضرورت کے مطابق اضافی فنڈز بھی جاری کیے جاسکیں گے۔

More News