کراچی کے حقوق کیلئے عوام کو سڑکوں پر لائیں گے، مصطفیٰ کمال

کراچی کے حقوق کیلئے عوام کو سڑکوں پر لائیں گے، مصطفیٰ کمال

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان اب کراچی کے مسائل پر خاموش نہیں رہے گی اور شہری حقوق کے حصول کے لیے عوام کو سڑکوں پر لا کر احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

مرکزی کمیٹی اور اراکین اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصد پاکستان، بالخصوص سندھ اور کراچی کو درپیش مسائل کی جانب توجہ دلانا اور ان کے حل کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنا ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ کو گزشتہ 18 برس کے دوران وفاق سے مجموعی طور پر 22 ہزار ارب روپے ملے، جبکہ صرف موجودہ دور میں سندھ کو 2 ہزار 238 ارب روپے فراہم کیے گئے۔ ان کے مطابق اس رقم کا تقریباً 90 فیصد حصہ کراچی نے کما کر دیا، لیکن 22 ہزار ارب روپے میں سے کراچی کو صرف 680 ارب روپے ملے، جو شہر کے ساتھ ناانصافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی آمدنی کا بڑا حصہ فراہم کرتا ہے، لیکن اس کے باوجود شہر کو اس کا جائز حق نہیں مل رہا۔ 2010 تک وفاقی فارمولے کے تحت کراچی کو وسائل ملتے تھے، تاہم اس کے بعد صوبائی حکومت وفاق سے فنڈز تو حاصل کر رہی ہے لیکن کراچی کو اس کا مناسب حصہ نہیں دیا جا رہا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر جی ایس ٹی سے متعلق سابقہ پالیسی برقرار رہتی تو کراچی کو وفاق سے مزید وسائل حاصل ہوتے اور شہر کی ترقی کے لیے بہتر مواقع پیدا کیے جا سکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے وسائل اور شہریوں کے حقوق پر کسی صورت خاموش نہیں رہا جا سکتا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دنیا میں جدید سہولتوں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو بہتر صحت اور سفری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ کراچی میں بنیادی سہولتوں کی صورتحال اب بھی تشویشناک ہے۔ ان کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کراچی کے شہریوں کے حقوق کے لیے اپنا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر کراچی کو اس کا جائز حصہ اور وسائل فراہم کیے جاتے تو شہر میں جدید اسپتال، بہتر سڑکیں، ٹرانسپورٹ کے منصوبے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے تھے۔ ایم کیو ایم پاکستان آئندہ بھی کراچی کے مسائل کو اجاگر کرتی رہے گی اور شہریوں کے حقوق کے لیے سیاسی و عوامی جدوجہد جاری رکھے گی۔

More News