احد چیمہ سے ایف سی ڈی او کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون اور اصلاحات پر تبادلہ خیال

احد چیمہ سے ایف سی ڈی او کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون اور اصلاحات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد میں وفاقی وزیر احد چیمہ سے فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سام والڈاک نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، ترقیاتی منصوبوں اور ادارہ جاتی اصلاحات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

احد چیمہ نے کہا کہ اقتصادی استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت ٹیرف پالیسی میں جامع اصلاحات کے ساتھ مختلف شعبوں کے لیے شعبہ جاتی بنیادوں پر پالیسی اصلاحات بھی متعارف کرا رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے ادارہ جاتی اصلاحات اور پالیسیوں کے نفاذ میں ایف سی ڈی او کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے موجودہ قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار سے ذخیرہ اندوزی پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ایف بی آر اور مالیاتی منصوبوں کی کارکردگی کا ہفتہ وار جائزہ لیتے ہیں، جبکہ بہتر منصوبہ بندی اور وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جا رہی ہے۔

سام والڈاک نے حکومت کی ٹیرف پالیسی، شعبہ جاتی پالیسی اصلاحات اور توانائی و پیٹرولیم کے شعبوں میں کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

More News