اسحاق ڈار اور آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل میں ٹیلیفونک رابطہ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، علاقائی امن، سفارت کاری اور بین الاقوامی تعاون سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کے لیے سفارت کاری، مذاکرات اور تعمیری روابط کا تسلسل نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور باہمی تعاون ہی مؤثر راستہ ہے۔
گفتگو کے دوران آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے بعد متعلقہ فریقین مذاکرات اور رابطوں کا سلسلہ برقرار رکھیں گے، جس سے خطے میں امن کے قیام اور پائیدار نتائج کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر تعاون اور اعتماد سازی کے اقدامات مستقبل میں مزید مثبت پیش رفت کا باعث بن سکتے ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور تنازعات کے پرامن حل کا حامی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو عالمی امن کے لیے ناگزیر سمجھتا ہے اور ہر ممکن سفارتی تعاون جاری رکھے گا۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران رافیل ماریانو گروسی نے اسحاق ڈار کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے عہدے کے لیے اپنی امیدواری سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم نے اقوام متحدہ کے کردار اور مؤثر کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کی مضبوط حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی امن، ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
مبصرین کے مطابق اس اعلیٰ سطحی رابطے سے پاکستان اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔







