ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو آندھی، گرج چمک اور شہری علاقوں میں ممکنہ اربن فلڈنگ کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران پنجاب، اسلام آباد، کراچی اور دیگر علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ لاہور میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا اور حبس میں نمایاں کمی آئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد تک پہنچ سکتا ہے۔

دوسری جانب نارووال، شکر گڑھ اور سرائے عالمگیر میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فیروزوالا میں بھی شدید بارش کے باعث بعض علاقوں میں 7 سے 8 فٹ تک پانی جمع ہوگیا، جس سے متعدد گھروں میں پانی داخل ہوگیا اور متاثرہ خاندانوں نے چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہونا پڑا۔

واسا لاہور کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ 44.4 ملی میٹر بارش مغلپورہ میں ریکارڈ کی گئی، جبکہ تاج پورہ، جوہر ٹاؤن، چوک ناخدا، لکشمی چوک، پانی والا تالاب اور دیگر علاقوں میں بھی مختلف مقدار میں بارش ہوئی۔ ایم ڈی واسا نے نکاسی آب کے عمل کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں بھی آج وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے۔ دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں سے احتیاط اور آندھی و بجلی چمکنے کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر کراچی میں آج جزوی ابر آلود موسم اور ہلکی بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے 31 جولائی سے 2 اگست کے دوران شہر میں بارشوں کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق شہر کا فضائی معیار فی الحال تسلی بخش ہے۔

More News