پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 2700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ مذاکرات کے آغاز کے اعلان اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں کے ساتھ پاکستان اسٹاک مارکیٹ پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوئے۔
کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی، جس کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا کے ایس ای 100 انڈیکس 2700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 78 ہزار 985 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں مختلف شعبوں خصوصاً بینکنگ، توانائی، سیمنٹ اور آئل اینڈ گیس کمپنیوں کے حصص میں نمایاں خریداری دیکھی گئی، جس سے مجموعی کاروباری سرگرمیوں میں بھی تیزی آئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 76 ہزار 94 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جبکہ نئے ہفتے کے آغاز پر انڈیکس میں غیر معمولی اضافہ سرمایہ کاروں کے بہتر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر جغرافیائی کشیدگی میں کمی، خام تیل کی قیمتوں میں نرمی اور مثبت معاشی توقعات نے مارکیٹ کے رجحان کو تقویت دی ہے۔ ان کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں بھی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہنے کا امکان ہے۔








