ریاست اور سیکیورٹی فورسز شہدا کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑی ہیں، عبدالعلیم خان
اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اور تمام سیکیورٹی ادارے شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس کے زیر اہتمام یومِ شہداء پولیس کے موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں موٹر وے پولیس کے اعلیٰ افسران، اہلکاروں، شہداء کے اہلخانہ اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 4 اگست ہماری قومی تاریخ کا ایک اہم اور باوقار دن ہے، جو ہمیں اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرض کی خاطر جان قربان کرنا صرف ایک پیشہ ورانہ ذمہ داری نہیں بلکہ ایمان، حب الوطنی اور قومی خدمت کی اعلیٰ مثال ہے۔ موٹر وے پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہر مشکل وقت میں ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
عبدالعلیم خان نے فیصل آباد موٹر وے پر ایک اہلکار کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے بعد حکومت نے پولیس اہلکاروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا، تاکہ ڈیوٹی کے دوران انہیں جدید سہولیات اور بہتر حفاظتی انتظامات فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں موٹرویز اور قومی شاہراہوں کے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ کراچی میں لیاری ایکسپریس وے کو ایک ماڈل شاہراہ بنایا جا رہا ہے جبکہ گلگت، سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں مختلف شاہراہوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرتارپور سے ننکانہ صاحب تک موٹروے کی تعمیر کی تجویز بھی زیر غور ہے، جبکہ گلگت کے سیاحتی علاقوں کی سڑکوں کو بہتر بنانے کے منصوبے بھی جاری ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم-6 موٹروے منصوبے پر جلد عملی کام کا آغاز ہوگا، جبکہ این-25 شاہراہ آئندہ سال تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور 2026 میں ادارے کی آمدنی بڑھ کر 127 ارب روپے تک پہنچ گئی، جبکہ 2024 میں یہ 66 ارب روپے تھی۔
تقریب سے قبل عبدالعلیم خان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس ہیڈکوارٹر پہنچے، جہاں انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے، فاتحہ خوانی کی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر موٹر وے پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ انسپکٹر جنرل موٹر وے پولیس سلطان چوہدری بھی تقریب میں موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مضبوط، جدید اور عوام دوست بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔








