دیامر کے مختلف علاقوں میں شدید سیلاب، مکانات، باغات اور پل تباہ
چلاس: ضلع دیامر کی وادی نیاٹ، لمیت، لوشی، بابوسر اور گیس بالا میں شدید سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں مکانات، باغات، زرعی اراضی اور رابطہ پل تباہ ہو گئے۔
مقامی افراد کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث متعدد پھل دار درخت، پن چکیاں اور آبپاشی کے لیے استعمال ہونے والے واٹر چینلز بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جبکہ کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوا ہے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ سیلاب نے ان کی برسوں کی محنت کو چند لمحوں میں برباد کر دیا، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
علاقہ مکینوں نے حکومتِ گلگت بلتستان، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے فوری امدادی سرگرمیاں شروع کرنے اور نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا ہے۔
متاثرہ خاندانوں کے مطابق انہیں خوراک، پینے کے صاف پانی، ادویات اور عارضی رہائش کی فوری ضرورت ہے، جبکہ متاثرین حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔





