خیبر پختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں سہولیات کی بہتری، محکمہ تعلیم کی نئی ہدایات جاری
پشاور: سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا محمد خالد خان نے صوبے کے تمام ضلعی تعلیمی افسران کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری اسکولوں میں جاری ترقیاتی کاموں اور نئی سہولیات کی فراہمی سے متعلق معلومات عوام تک پہنچائی جائیں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق نئے فرنیچر کی فراہمی، مرمت و بحالی کے منصوبوں اور نئے کلاس رومز کی تعمیر کی تصاویر اور تفصیلات باقاعدگی سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق اسکولوں میں مرمت کے کاموں کی تکمیل سے قبل اور بعد کی تصاویر بھی جاری کی جائیں گی تاکہ عوام کو جاری منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ رکھا جا سکے۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور وزیر تعلیم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساڑھے سات ارب روپے کی لاگت سے جاری فرنیچر منصوبے کی تکمیل کے بعد صوبے کے سرکاری اسکولوں میں تمام طلبہ کو بیٹھنے کے لیے مناسب سہولیات میسر ہوں گی۔
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنا اور سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے








