جاپان کا پاکستانیوں سمیت غیر ملکی ہنر مند کارکنوں کے لیے 5 سالہ ویزا متعارف کرانے کا فیصلہ
ٹوکیو: جاپان نے پاکستانیوں سمیت غیر ملکی ہنر مند کارکنوں کے لیے “ٹائپ 2 مخصوص ہنر مند ورکر ویزا” کے تحت پانچ سالہ قیام کی سہولت متعارف کرانے کی تجویز پیش کر دی ہے۔
جاپانی امیگریشن سروسز ایجنسی کے مطابق نئی پالیسی کے تحت اہل غیر ملکی کارکنوں کو طویل مدت تک قیام کی اجازت دی جائے گی، جس سے مستقل رہائش کے حصول کا راستہ بھی نسبتاً آسان ہو جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مسودے پر عوامی آرا حاصل کی جائیں گی، جبکہ قانونی مراحل مکمل ہونے کے بعد اس منصوبے کو آئندہ سال جنوری میں نافذ کرنے کا امکان ہے۔
موجودہ نظام کے تحت غیر ملکی کارکنوں کو چھ ماہ، ایک سال، دو سال یا زیادہ سے زیادہ تین سال تک قیام کی اجازت دی جاتی ہے، تاہم نئی تجویز کے بعد پانچ سالہ ویزا حاصل کرنا ممکن ہو سکے گا۔
درخواست دینے کا طریقہ
درست پاسپورٹ اور دیگر سفری دستاویزات تیار رکھیں۔
مطلوبہ شعبے میں مہارت اور تجربے کا ثبوت فراہم کریں۔
جاپانی قوانین کے مطابق ٹیکس اور ملازمت سے متعلق تمام شرائط پوری کریں۔
جاپانی امیگریشن حکام یا سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق درخواست جمع کرائیں۔
* منظوری کے بعد ویزا جاری کیا جائے گا۔
جاپانی حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک میں افرادی قوت کی کمی پر قابو پانا اور مختلف شعبوں کے لیے ہنر مند کارکنوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔







