بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پودے بھی پہنچ گئے
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) پر مہم 75 کے دوران خلا میں سبز پودوں کی موجودگی نے نئی تحقیق کا آغاز کردیا ہے۔ مہم 75 کی کمانڈ ناسا کی خلاباز جیسیکا میئر کر رہی ہیں، جنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر خلائی اسٹیشن میں موجود پودوں کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
جیسیکا میئر نے بتایا کہ مہم 75 کے عملے میں نئے ارکان کا اضافہ ہوا ہے، تاہم یہ انسان نہیں بلکہ روسی پودے ہیں۔ ان کے مطابق خلائی اسٹیشن پر سرخ روسی کیل اور وسابی سرسوں کے پودے اگائے جا رہے ہیں۔
خلابازوں کی جانب سے فارغ وقت میں ان پودوں کی دیکھ بھال بھی کی جا رہی ہے۔ تحقیق کا بنیادی مقصد یہ جاننا ہے کہ پودے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے کھلے کیبن کے ماحول میں زمین کے قدرتی ماحول کے مقابلے میں کس طرح نشوونما پاتے ہیں۔
اس تجربے کے ذریعے یہ بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ خلا میں بیجوں کو ذخیرہ کرنے سے ان کی قابلِ کاشت صلاحیت یعنی viability پر کس طرح اثر پڑتا ہے۔
جیسیکا میئر نے پودوں کی موجودگی کو خوشگوار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ خلائی اسٹیشن پر سبز پودوں کا ہونا انہیں ’’نیچر تھراپی‘‘ جیسا محسوس ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق خلا میں پودوں کی افزائش سے متعلق تحقیق مستقبل میں طویل مدتی خلائی مشنز کے دوران خوراک کی پیداوار اور خلانوردوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔







