خیبرپختونخوا: معذور ملازمین کے کنوینس الاؤنس اور پنشن میں اضافہ

پشاور: خیبرپختونخوا کے محکمہ بلدیات نے معذور سرکاری ملازمین کے خصوصی کنوینس الاؤنس میں اضافے کے ساتھ لوکل کونسل بورڈ کے پنشنرز کی پنشن بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ بلدیات کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق معذور ملازمین کا خصوصی کنوینس الاؤنس 6 ہزار روپے ماہانہ سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔ نئے الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اس اضافے سے لوکل کونسل بورڈ کے افسران و اہلکاروں کے علاوہ لوکل گورننس اسکول، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور اور صوبے کی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے اہل معذور ملازمین بھی مستفید ہوں گے۔ خصوصی کنوینس الاؤنس فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مقرر کردہ شرائط و ضوابط کے تحت ادا کیا جائے گا۔

محکمہ بلدیات کے مطابق الاؤنس میں اضافے کا فیصلہ لوکل کونسل بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔

دوسری جانب لوکل کونسل بورڈ کے پنشنرز کے لیے بھی اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت تمام متعلقہ پنشنرز کی نیٹ پنشن میں 7 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔

پنشن میں اضافے کا فائدہ لوکل کونسل بورڈ کے ساتھ لوکل گورننس اسکول، کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور اور خیبرپختونخوا کی تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کے پنشنرز کو بھی ہوگا۔

More News