قومی کرکٹ کے عظیم نام حنیف محمد کی دسویں برسی، تاریخی ریکارڈ آج بھی برقرار
پاکستان کرکٹ کے عظیم بلے باز اور ’’لٹل ماسٹر‘‘ کے نام سے مشہور حنیف محمد کی آج دسویں برسی منائی جا رہی ہے۔ حنیف محمد 21 دسمبر 1934ء کو جونا گڑھ میں پیدا ہوئے۔ ان کے بھائی وزیر محمد، رئیس محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد نے بھی پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، جس کے باعث محمد خاندان کو پاکستان کرکٹ کے اہم ترین خاندانوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
حنیف محمد نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران کئی ریکارڈز قائم کیے۔ انہوں نے 1952ء میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا۔ وہ 55 ٹیسٹ میچز کی 97 اننگز میں 12 سنچریوں اور 15 نصف سنچریوں کی مدد سے 3 ہزار 915 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کے نام صرف دو چھکے اور ایک وکٹ بھی درج ہے۔
جنوری 1958ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف برج ٹاؤن ٹیسٹ میں حنیف محمد نے 337 رنز کی تاریخی اننگز کھیلی۔ یہ پاکستان کی جانب سے پہلی ٹیسٹ ٹرپل سنچری تھی۔ انہوں نے تقریباً 970 منٹ کریز پر گزار کر پاکستان کو یقینی شکست سے بچایا۔
1959ء میں کراچی کی جانب سے کھیلتے ہوئے بہاولپور کے خلاف فرسٹ کلاس میچ میں حنیف محمد نے 499 رنز بنائے اور سر ڈان بریڈمین کا ریکارڈ توڑا۔ یہ ریکارڈ 1994ء تک قائم رہا، جسے بعد میں برائن لارا نے توڑا۔
حنیف محمد طویل علالت کے بعد 11 اگست 2016ء کو کراچی میں انتقال کر گئے۔ انہیں صدارتی تمغہ حسنِ کارکردگی اور آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم سمیت متعدد اعزازات سے نوازا گیا۔ ان کی خدمات آج بھی پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا روشن باب ہیں۔







