جشنِ آزادی میں ایک روز باقی، پاکستان سبز ہلالی رنگ میں رنگ گیا
اسلام آباد: جشنِ آزادی میں صرف ایک روز باقی رہ گیا ہے اور ملک بھر میں یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ شہر، بازار، سرکاری عمارتیں اور گھروں کی چھتیں سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سج گئی ہیں۔
پاکستان کا 79واں یومِ آزادی 14 اگست کو منایا جائے گا، جس کے لیے شہریوں میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ بچے، نوجوان اور بزرگ جشنِ آزادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں جبکہ بازاروں میں قومی پرچم اور دیگر آرائشی اشیا کی خریداری میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس سمیت اہم سرکاری عمارتوں کو سبز اور سفید روشنیوں سے سجایا گیا ہے، جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں بھی عمارتوں اور شاہراہوں کو خوبصورت انداز میں روشن کیا جا رہا ہے۔
جشنِ آزادی کے لیے لگائے گئے عارضی اسٹالز اور بازاروں میں بھی گہما گہمی بڑھ گئی ہے۔ شہری بڑے قومی پرچموں، جھنڈیوں، بیجز، گھڑیوں، سبز و سفید ٹوپیوں اور دیگر اشیا کی خریداری کر رہے ہیں۔
بچے خصوصی طور پر قومی پرچم والے ماسک، بیجز اور ٹوپیوں میں دلچسپی لے رہے ہیں، جبکہ شہری اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی سبز ہلالی جھنڈیوں سے سجانے میں مصروف ہیں۔
خواتین اور بچیوں کے لیے سبز ہلالی رنگ کی چوڑیاں بھی شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ گھروں، دکانوں اور مارکیٹوں میں قومی پرچموں کی بہار نے جشنِ آزادی کی فضا کو مزید پرجوش بنا دیا ہے۔







