پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز کا منافع مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال ملتوی کرنے کا اعلان

کراچی: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت کی جانب سے منافع مارجن بڑھانے کی یقین دہانی کے بعد ملک بھر میں ہونے والی ہڑتال ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔ ہڑتال کا اعلان پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع مارجن میں اضافے کے مطالبے پر کیا گیا تھا، تاہم حکومت اور ڈیلرز کے درمیان مذاکرات کے بعد معاملہ وقتی طور پر حل ہوگیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے بتایا کہ گزشتہ روز وزیر پیٹرولیم سے ہونے والی ملاقات کے دوران ماحول سازگار نہیں تھا، تاہم بعد میں وزیر پیٹرولیم نے تقریباً آدھے گھنٹے تک فون پر بات کی اور ڈیلرز کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ملک خدا بخش کے مطابق وزیر پیٹرولیم نے وزیراعظم سے خصوصی منظوری لینے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع مارجن میں ایک روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر پیٹرولیم کی مداخلت پر آج اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے، جس میں ڈیلرز کے منافع مارجن سمیت دیگر معاملات پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے کوٹہ سسٹم ختم کرنے کے معاملے پر بھی خصوصی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔ ڈیلرز ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ کوٹہ سسٹم اور دیگر انتظامی مسائل کے باعث پیٹرول پمپس کے کاروبار کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین طارق حسن نے بتایا کہ حکومت نے ملک بھر کے تمام پیٹرول پمپس کو 23 مارچ 2027 تک ڈیجیٹل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ان کے مطابق ڈیلرز نے حکومت سے منافع مارجن میں 8 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ موجودہ مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے اصولی طور پر مارجن میں 4 سے 5 فیصد اضافہ ہونا چاہیے۔

طارق حسن نے بتایا کہ وزارت پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل کے نظام سے متعلق سمری وزیراعظم کو بھجوا دی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کے پاس ڈیلرز کے تین سالہ انفلیشن ایڈجسٹمنٹ کی مد میں تقریباً 50 ملین ڈالر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے موجودہ نظام کو تبدیل کرکے سات روز کے لیے قیمتیں برقرار رکھنے کی تجویز زیر غور ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد ای سی سی اور وفاقی کابینہ کرے گی۔

طارق حسن کے مطابق مجوزہ اضافے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر پیٹرول پر منافع مارجن بڑھ کر تقریباً 10 روپے ہوجائے گا۔ حکومت کی یقین دہانی کے بعد ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

More News