واہگہ اور گنڈا سنگھ بارڈر سمیت بلوچستان بھر میں جشنِ آزادی، قومی جذبے کا شاندار مظاہرہ
ملک بھر کی طرح واہگہ بارڈر، گنڈا سنگھ بارڈر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی یومِ آزادی کی پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان سے محبت کا اظہار کیا۔
واہگہ بارڈر پر جشنِ آزادی کی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور قومی پرچم لہراتے ہوئے وطن سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران پاکستان زندہ باد اور نعرہ تکبیر کے نعروں سے فضا گونجتی رہی۔
گنڈا سنگھ بارڈر پر بھی یومِ آزادی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جہاں پنجاب رینجرز کے جوانوں نے شاندار اور باوقار پریڈ کا مظاہرہ کیا۔ جوانوں کی بھرپور پریڈ نے تقریب میں شریک افراد کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کیا، جبکہ شرکا نے ملی جذبے کے ساتھ قومی نعرے بلند کیے۔
دوسری جانب بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی جشنِ آزادی کی تقریبات اور ریلیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ تربت، خاران اور تفتان سمیت دیگر علاقوں میں قومی پرچموں سے سجی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلیوں میں بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں نے قومی پرچم ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے اور پاکستان سے محبت و وفاداری کا اظہار کیا۔ مختلف مقامات پر ملی نغموں، قومی ترانوں اور جشنِ آزادی کے پروگراموں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
بلوچستان میں ہونے والی تقریبات کے دوران شہریوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ مقررین نے بھی قومی اتحاد، یکجہتی اور ملکی ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔
یومِ آزادی کے موقع پر ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی تقریبات نے عوام کے درمیان قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کے جذبات کو اجاگر کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے جس کی حفاظت اور ملک کی ترقی کے لیے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔







