کرسٹیانو رونالڈو کا ریٹائرمنٹ سے متعلق بڑا اعلان، آخری سیزن کا اشارہ
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے مستقبل اور ریٹائرمنٹ سے متعلق اہم اشارہ دے دیا ہے۔ 41 سالہ اسٹار فٹبالر کا کہنا ہے کہ موجودہ سیزن ممکنہ طور پر بطور پروفیشنل فٹبالر ان کا آخری سیزن ہوسکتا ہے۔ رونالڈو نے کہا کہ وہ فٹبال کو خیرباد کہنے سے قبل ایک شاندار میراث چھوڑنا چاہتے ہیں۔
رونالڈو کے مطابق انہوں نے کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کے لیے بھی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ وہ فٹبال سے دوری کے بعد سفر، تفریح اور پیڈل کھیلنے سمیت مختلف سرگرمیوں میں خود کو مصروف رکھنا چاہتے ہیں۔
پرتگالی اسٹار نے اپنے تقریباً 25 سالہ فٹبال سفر کو قربانیوں، محنت اور کامیابیوں سے بھرپور قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ فٹبال نے ان کی زندگی کا بڑا حصہ تشکیل دیا ہے، اس لیے کھیل سے رخصتی ایک جذباتی مرحلہ ہوگا۔
کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے طویل کیریئر کے دوران متعدد عالمی اعزازات حاصل کیے اور دنیا کے بہترین فٹبالرز میں اپنی منفرد شناخت بنائی۔ ان کے ممکنہ ریٹائرمنٹ کے اعلان نے دنیا بھر میں ان کے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے، جبکہ فٹبال شائقین اب ان کے کیریئر کے آخری مرحلے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔







