ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر تک کمی کا اعلان، علی پرویز ملک

ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر تک کمی کا اعلان، علی پرویز ملک

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عوام کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں چند لمحوں بعد 30 سے 32 روپے فی لیٹر تک کمی کردی جائے گی، جس کا فائدہ براہ راست عوام کو منتقل کیا جائے گا۔

عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ ان کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے باوجود عوام کے لیے 100 ارب روپے استعمال کیے گئے اور مشکل وقت میں ہدفی سبسڈی بھی فراہم کی گئی۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت اور مقامی آئل ریفائنریز کے درمیان قیمتوں میں کمی کے معاملے پر متعدد ملاقاتیں ہوئیں۔ ان مذاکرات کے نتیجے میں ریفائنریز نے حکومت کی درخواست قبول کرلی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مقامی ریفائنریز سے ہونے والے مذاکرات کے بعد ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر تک کمی کی جائے گی۔ وزیر پیٹرولیم کے مطابق قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ خود کراچی جائیں گے اور آئل ریفائنریز کا دورہ کرکے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کریں گے۔

وزیر پیٹرولیم نے عالمی سطح پر توانائی کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ میں ایک بار پھر شدت آئی ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں اور سپلائی سے متعلق غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

انہوں نے روس کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روس خود تیل پیدا کرنے والا ملک ہے، لیکن وہاں بھی ڈیزل سے متعلق مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ عالمی حالات میں پاکستان کے لیے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور قیادت کی کوشش ہے کہ عالمی بحران کے اثرات کو کم سے کم کیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ موجودہ مشکل وقت بھی جلد ختم ہوگا۔

ڈیزل کی قیمت میں ممکنہ طور پر 30 سے 32 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان سامنے آنے کے بعد ٹرانسپورٹ، کاروبار اور عام صارفین کے لیے یہ ایک اہم ریلیف قرار دیا جارہا ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی سے اشیا کی ترسیل اور سفری اخراجات پر بھی مثبت اثر پڑنے کی توقع ہے۔

More News