سکول لیڈرز کو اے ایس ڈی او بنانے کی مخالفت، منیجمنٹ کیڈر افسران سڑکوں پر
پشاور: محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی جانب سے کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے سکول لیڈرز کو اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کی پوسٹوں پر ضم کرنے کے مبینہ فیصلے کے خلاف منیجمنٹ کیڈر آفیسر ایسوسی ایشن نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سکول لیڈرز کو 2022 میں خیبر پختونخوا کے 28 اضلاع میں ایٹا ٹیسٹ کے ذریعے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیا تھا، جبکہ ان کی ذمہ داری تحصیل اور ضلعی سطح پر تعلیمی امور کی نگرانی اور سرکاری سکولوں کی کارکردگی بہتر بنانا تھی۔
مظاہرین کے مطابق سکول لیڈرز کا کنٹریکٹ دسمبر 2025 میں ختم ہوگیا تھا جس میں بعد ازاں توسیع کی گئی، تاہم اب انہیں مبینہ طور پر منیجمنٹ کیڈر میں اے ایس ڈی اوز کی پوسٹوں پر ضم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
منیجمنٹ کیڈر افسران نے اس اقدام کو میرٹ اور دیگر اضلاع بالخصوص قبائلی اضلاع کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اے ایس ڈی او کی آسامیوں پر تقرری باقاعدہ مسابقتی عمل کے ذریعے ہونی چاہیے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ اے ایس ڈی اوز کی تمام خالی آسامیوں کو باقاعدہ مشتہر کرکے خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کے ذریعے میرٹ پر بھرتی کیا جائے اور سکول لیڈرز کو براہِ راست ان عہدوں پر ضم کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
منیجمنٹ کیڈر آفیسر ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور وزیر تعلیم مینا خان آفریدی سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مبینہ فیصلے پر نظرثانی کی جائے








