گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا ڈیزل قیمت میں اضافے کو مسترد کرنے کا اعلان
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے اپنے تحریری معاہدے پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کردیا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں بار بار تبدیلی سے ٹرانسپورٹرز کے لیے کاروباری معاملات چلانا مشکل ہوگیا ہے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر اویس چوہدری نے کہا کہ ڈیزل مہنگا کرنا کسی صورت قبول نہیں، حکومت اپنے تحریری وعدے کو فوری طور پر عملی شکل دے۔ ان کے مطابق حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں واضح طور پر کہا گیا تھا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں ردوبدل 15 روز کے بعد کیا جائے گا۔
اویس چوہدری نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی سے ٹرانسپورٹرز کے لیے کرایوں کو ایڈجسٹ کرنا ممکن نہیں رہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹر آج کسی روٹ کا کرایہ طے کرتا ہے، لیکن اگلے ہی روز ڈیزل کی قیمت تبدیل ہوجانے سے اخراجات کا حساب متاثر ہوتا ہے۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ نے کہا کہ موجودہ قیمتوں میں ردوبدل کا نظام ٹرانسپورٹرز کے لیے شدید مشکلات پیدا کررہا ہے۔ ان کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا براہ راست اثر مال برداری کے اخراجات اور دیگر کاروباری معاملات پر پڑتا ہے، جس سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ مزید دباؤ کا شکار ہوسکتا ہے۔
ایسوسی ایشن نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کیے گئے تحریری معاہدے کی پاسداری کرے اور قیمتوں میں ردوبدل کے لیے طے شدہ 15 روزہ طریقہ کار پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
اویس چوہدری نے مطالبہ کیا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کے تحفظات کو فوری طور پر دور کرے اور ڈیزل کی قیمتوں کے حوالے سے کیے گئے وعدے پر عمل کرتے ہوئے موجودہ نظام میں بہتری لائے۔








