کیلاش تہذیب کا قدیم تہوار اوچال شروع، ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد

کیلاش تہذیب کا قدیم تہوار اوچال شروع، ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد

چترال کی منفرد اور قدیم کیلاش تہذیب کا سالانہ مذہبی و ثقافتی تہوار اوچال/اوچاؤ وادی رمبور میں شروع ہوگیا ہے۔ تہوار کے دوران روایتی رسومات، موسیقی، رقص اور دیگر ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد جاری ہے، جبکہ ملکی و غیر ملکی سیاح بڑی تعداد میں کیلاش وادیوں کا رخ کر رہے ہیں۔

اوچال کیلاش برادری کا صدیوں پرانا اہم تہوار ہے، جو گندم، جو اور دیگر فصلوں کی کٹائی مکمل ہونے کی خوشی اور قدرت کی نعمتوں پر شکر گزاری کے طور پر منایا جاتا ہے۔ دو روزہ تہوار کے دوران کھیتوں سے فصلیں آبادی تک لانے کے ساتھ پہاڑی علاقوں سے مکھن بھی لایا جاتا ہے، جسے ہمسایوں، رشتہ داروں، مہمانوں اور سیاحوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

تہوار کے دوسرے روز نوجوان لڑکے اور لڑکیاں روایتی رقص اور موسیقی کے لیے ڈانسنگ ہال میں جمع ہوتے ہیں، جہاں مختلف ثقافتی رسومات بھی ادا کی جاتی ہیں۔ اوچال کی تیاری کئی ہفتے قبل شروع ہوجاتی ہے اور جولائی میں روایتی ’’رنات ڈانس‘‘ بھی منعقد کیا جاتا ہے۔

تہوار سے چترال میں سیاحتی سرگرمیوں، ہوٹلنگ، ٹرانسپورٹ اور مقامی کاروبار کو بھی فروغ مل رہا ہے۔ تاہم سیاحوں نے کیلاش وادیوں تک پہنچنے والی خستہ حال سڑکوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے بنیادی انفرااسٹرکچر بہتر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق اوچال تہوار کیلاش ثقافت کے تحفظ اور دنیا بھر میں اس منفرد تہذیب کے مثبت تعارف کا اہم ذریعہ ہے۔

More News