شفیع جان نے سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے کا اضافی قلمدان سنبھال لیا
پشاور: وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے سائنس، ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے محکمے کا اضافی قلمدان باضابطہ طور پر سنبھال لیا۔ چارج سنبھالنے کے موقع پر سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عبدالباسط خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر شفیع جان نے اضافی قلمدان سونپنے اور اعتماد کرنے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا شکریہ ادا کیا۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں عوامی خدمت صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے تحت خیبر پختونخوا میں ڈیجیٹل گورننس کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
وزیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے حکومتی نظام میں شفافیت، تیزی اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کو ڈیجیٹل گورننس اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے لے جانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے گی، جبکہ عوام کو سرکاری خدمات کی فراہمی مزید آسان اور تیز بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔





