پنجاب کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال، اکتوبر سے میگا سپورٹس ایونٹس کا اعلان
لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں تمام سرکاری اسکولوں میں اکتوبر سے دسمبر تک میگا سپورٹس ایونٹس منعقد کرنے کی منظوری دی گئی۔ پبلک اسکولوں کے درمیان تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، جبکہ دسمبر میں فائنل ایونٹ منعقد کیا جائے گا جس کی میزبانی لاہور بورڈ کرے گا۔
وزیر تعلیم نے انعامی رقم بڑھا کر پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کے لیے بالترتیب 5 لاکھ، 3 لاکھ اور 1 لاکھ روپے مقرر کرنے کی ہدایت کی۔ طلباء اور طالبات کے لیے الگ الگ انعامی رقم مختص کی جائے گی۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے ٹیلنٹ کو فروغ دے گی، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مواقع اور مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں اسکول کھیلوں کی نرسریاں ہوا کرتے تھے اور ملک کو بہترین کھلاڑی فراہم کرتے تھے۔ کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی سے طلباء کی تعلیمی سرگرمیوں میں دلچسپی بھی بڑھے گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے تمام 35 ہزار اسکولوں میں سپورٹس کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں، جبکہ اب تک 450 اسکولوں کو کھیلوں کا سامان فراہم کیا جاچکا ہے۔ وزیر تعلیم نے سپورٹس کٹس کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔
صوبائی وزیر نے آئندہ 3 سال کے لیے کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کی پالیسی تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگلے سال نجی اسکولوں کو بھی کھیلوں کی بحالی کے مشن میں شامل کیا جائے گا۔






