وفاقی سرکاری ملازمین کی کم از کم تنخواہ 40 ہزار 700 روپے مقرر
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی کم از کم مجموعی ماہانہ تنخواہ 37 ہزار روپے سے بڑھا کر 40 ہزار 700 روپے مقرر کردی ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق جن ملازمین کی مجموعی ماہانہ تنخواہ 40 ہزار 700 روپے سے کم ہے، انہیں مقررہ حد تک پہنچانے کے لیے فرق کی رقم خصوصی الاؤنس کی صورت میں ادا کی جائے گی۔
اس فیصلے کا اطلاق وفاقی حکومت کے تمام سول ملازمین، دفاعی بجٹ سے تنخواہ لینے والے سویلین ملازمین، کنٹی جنٹ بنیادوں پر کام کرنے والے عملے اور سول عہدوں پر بنیادی پے اسکیلز کے تحت کام کرنے والے کنٹریکٹ ملازمین پر ہوگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق یکم جولائی 2026 سے مزید احکامات جاری ہونے تک 40 ہزار 700 روپے سے کم مجموعی تنخواہ لینے والے اہل ملازمین کو خصوصی الاؤنس دیا جائے گا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ خصوصی الاؤنس انکم ٹیکس کے تابع ہوگا۔ یہ الاؤنس عام رخصت اور مکمل رخصت یعنی ایل پی آر کے دوران بھی قابلِ ادائیگی ہوگا، تاہم غیر معمولی رخصت کے دوران اس کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔
حکومت کے اس فیصلے سے کم تنخواہ لینے والے وفاقی سرکاری ملازمین کی ماہانہ آمدن میں اضافہ ہوگا اور انہیں مقررہ کم از کم مجموعی تنخواہ کی حد تک مالی ریلیف ملے گا۔





