کوئی کھلاڑی اہم نہیں، جس کی ٹیم کو ضرورت ہوئی وہی کھیلے گا، بابراعظم
صرف رضوان نہیں، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پرفارم کریں، قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان
لندن: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ٹیم میں کوئی بھی کھلاڑی ناگزیر نہیں، جس کھلاڑی کی ٹیم کو ضرورت ہوگی، اسے ہی پلیئنگ الیون میں شامل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہترین دستیاب کھلاڑیوں کو ٹیم کی ضرورت کے مطابق استعمال کیا جائے گا۔
لارڈز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ فائنل الیون کا فیصلہ پچ کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ ٹیم انتظامیہ میچ کی صورتحال اور پچ کی کنڈیشنز دیکھ کر فیصلہ کرے گی کہ کون سے کھلاڑی ٹیم کے لیے زیادہ موزوں ہیں۔
قومی کپتان نے کہا کہ میچ جیتنے کی ذمہ داری کسی ایک کھلاڑی کی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی ہے۔ اگر بولرز 20 وکٹیں حاصل کرتے ہیں تو بیٹرز کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ رنز بنائیں اور ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں لے کر جائیں۔
بابراعظم نے کہا کہ جو کھلاڑی اس وقت توقعات کے مطابق پرفارم نہیں کر رہے، انہیں اعتماد دینے کی کوشش کی جائے گی۔ سینئر کھلاڑیوں پر کوئی اضافی بوجھ نہیں بلکہ ذمہ داری ہے کہ وہ آگے بڑھ کر ٹیم کے لیے پرفارم کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ صرف محمد رضوان کی کارکردگی اہم نہیں بلکہ پوری ٹیم کو اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ بابراعظم کے مطابق ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنا ہوگا۔
قومی ٹیسٹ کپتان نے پہلے میچ کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلا ٹیسٹ توقعات کے مطابق نہیں کھیلا گیا، تاہم ٹیم نے بیٹھ کر اپنی خامیوں کا جائزہ لیا ہے اور انہیں دور کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
بابراعظم نے اعتراف کیا کہ پارٹنرشپ بننے کے بعد ٹیم کی مسلسل وکٹیں گرنے کی خامی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر مزید فوکس کیا جا رہا ہے تاکہ آنے والے میچز میں ایسی صورتحال سے بچا جاسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم لارڈز میں جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کرے گی اور امید ہے کہ اگلے میچ میں گزشتہ مقابلے کے مقابلے میں بہتر کارکردگی نظر آئے گی۔
بابراعظم نے اپنی فٹنس کے حوالے سے بتایا کہ وہ اگلے میچ اور بقیہ سیریز کے لیے تقریباً 90 فیصد فٹ ہیں۔








