پشاور چمکنی پولیس چوکی پر دستی بم حملہ، زخمیوں کی تعداد 6 ہوگئی
ہسپتال ذرائع کے مطابق دھماکے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے
پشاور: تھانہ چمکنی کی حدود ترناب فارم پولیس چوکی کے قریب دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے، ہسپتال ذرائع نے مزید زخمیوں کی تصدیق کردی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے پولیس چوکی کے قریب دستی بم پھینکا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے باعث چوکی میں موجود پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیم نے بھی موقع پر پہنچ کر علاقے کا معائنہ کیا۔
دھماکے کے بعد پولیس نے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ حملے میں ملوث عناصر کی تلاش کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت اور حملے میں استعمال ہونے والے مواد سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔








