ایڈز اور ہیپاٹائٹس کی بروقت تشخیص سے ان کا سدباب ممکن ہے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر میں پولیو، ایڈز اور ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سرکاری اسپتالوں میں ایڈز اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی مؤثر اسکریننگ یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہریوں کو معیاری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر قیمتی جان کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر حد تک جانے اور ہر رکاوٹ عبور کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امراض کی بروقت تشخیص ہی ان کے مکمل سدباب کی بنیاد ہے، لہٰذا اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور رپورٹنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
وزیراعظم نے وزارت قومی صحت کو ہدایت کی کہ بیماریوں کی بروقت رپورٹنگ کے لیے ایک مربوط اور جدید نظام تشکیل دیا جائے تاکہ مریضوں کی جلد نشاندہی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ حکمت عملی کے بغیر متعدی امراض پر قابو پانا ممکن نہیں۔
اجلاس میں وزیراعظم کو پولیو، ہیپاٹائٹس اور ایڈز کے خاتمے کے لیے جاری پروگرامز پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ڈریپ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سرنج کے دوبارہ استعمال کو مکمل طور پر روکا جائے کیونکہ یہ وائرل امراض کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں آٹو ڈسیبل سرنج کے استعمال کو یقینی بنانے پر زور دیا تاکہ خون کے ذریعے منتقل ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کی جا سکے۔
وزیراعظم نے “وزیراعظم ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام” کے نفاذ میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور علاج کی سہولیات کو مزید وسعت دی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت پرعزم ہے اور اسی طرح ایڈز اور ہیپاٹائٹس کے خلاف جنگ کو بھی بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مؤثر نگرانی، بروقت تشخیص، احتیاطی تدابیر اور مربوط حکمت عملی ہی متعدی امراض کے خاتمے کی ضمانت ہیں، اور حکومت صحت کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری رکھے گی تاکہ عوام کو محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کیا جا سکے۔








