آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کا پشاور کینٹ کا دورہ، محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ
پشاور:عارف اکرام
انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے پشاور کینٹ کا دورہ کیا اور نویں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے غیرمعمولی سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔
آئی جی پولیس نے بتایا کہ صرف پشاور کینٹ کے علاقے میں ساڑھے چھ سو سے زائد پولیس اہلکار اور سیکیورٹی فورسز کے جوان تعینات کیے گئے ہیں تاکہ جلوسوں اور مجالس کے شرکاء کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
ذوالفقار حمید کے مطابق صوبے بھر میں آج اور کل محرم الحرام کے تمام جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے تقریباً 50 ہزار پولیس اہلکاروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 900 سے زائد جلوس اور تقریباً 8 ہزار مجالس منعقد ہوں گی، جن کی نگرانی اور حفاظت کے لیے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے بھی بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ سیف سٹی کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے حساس مقامات اور جلوسوں کے راستوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں اور ان کی براہ راست فیڈ سیف سٹی سینٹر پشاور سے منسلک ہے، جس کے ذریعے صورتحال پر ہر وقت نظر رکھی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حساس مقامات پر روف ٹاپ ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جبکہ جہاں ضروری سمجھا گیا وہاں مواصلاتی نظام کو محدود کرنے کے اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی انتظامات میں پاک فوج، دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سسٹر ایجنسیاں بھی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہیں اور تمام ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔
ذوالفقار حمید نے بتایا کہ اینٹی ڈرون گنز بھی مختلف حساس مقامات پر تعینات کی گئی ہیں جبکہ اسپیشل برانچ، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دیگر خفیہ ادارے کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔
آئی جی خیبر پختونخوا پولیس نے اعتراف کیا کہ بعض علاقوں کے حوالے سے سیکیورٹی خطرات اور دھمکیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم ان سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے اور تمام متعلقہ ادارے ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ عوام، علما کرام، منتظمین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون سے محرم الحرام کے ایام پرامن طور پر گزریں گے اور عزاداران اپنے مذہبی فرائض محفوظ ماحول میں ادا کر سکیں گے۔








