پشاور میں نویں محرم الحرام کا مرکزی ماتمی اور ذوالجناح کا جلوس برآمد
پشاور:عارف اکرام
نویں محرم الحرام کے موقع پر پشاور کا مرکزی ماتمی اور ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہو گیا، جس میں عزادارانِ امام حسینؑ کی بڑی تعداد شریک ہے۔
جلوس میں مردوں، خواتین اور بچوں سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے عزادار شریک ہیں۔ عزادارانِ حسینؑ نوحہ خوانی، ماتم اور زنجیر زنی کرتے ہوئے حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے اور گرین چوک، فوارہ چوک سمیت مختلف مقامات سے گزرتا ہوا واپس امام بارگاہ حسینیہ ہال پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ پشاور کینٹ کے علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے جبکہ شہر کے حساس مقامات، گلیوں اور چوراہوں پر پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ڈیوٹی میں خواتین پولیس اہلکار بھی اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں تاکہ خواتین عزاداروں کی مؤثر نگرانی اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق پشاور میں نویں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے 12 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے تحت سیف سٹی کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے جلوس کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی اقدامات میں تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔








