ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی، بابر اعظم

ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی، بابر اعظم

پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکواڈ مکمل اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گا۔

پہلے ٹیسٹ سے قبل برائن لارا کرکٹ اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ قومی ٹیم گزشتہ تقریباً دو ماہ سے اس سیریز اور آئندہ بین الاقوامی مصروفیات کی تیاری کر رہی ہے، جبکہ کھلاڑیوں نے فٹنس اور اپنی مہارتوں پر بھرپور محنت کی ہے۔

دوبارہ ٹیسٹ کپتان مقرر کیے جانے پر بابر اعظم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس ذمہ داری کا کوئی دباؤ نہیں، کیونکہ گزشتہ دورِ قیادت سے حاصل ہونے والے تجربات اس مرتبہ ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔

قومی کپتان نے کہا کہ ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے، جس کے باعث انہیں سیریز میں کامیابی کی امید ہے۔

بابر اعظم نے انجری کے باعث سیریز سے باہر ہونے والے نوجوان اوپنر عبداللہ فضل کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ باصلاحیت اور پراعتماد بلے باز ہیں اور انہوں نے اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھائی۔

پچ کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں کے باعث وکٹ تیز گیند بازوں کے لیے زیادہ سازگار دکھائی دے رہی ہے، اس لیے میچ میں فاسٹ بولرز اہم کردار ادا کر سکتے ہیں

More News