الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع، الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں توسیع سے متعلق صوبائی حکومت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ حکومت پنجاب نے انتخابات 20 جنوری 2027 کے بعد کرانے کی استدعا کی ہے، جبکہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ کمیشن 20 جنوری کے بعد کی تاریخ سے متعلق درخواست کا جائزہ لے کر انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرے گا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے چار رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر پنجاب کے وزیر بلدیات ذیشان رفیق، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سمیت متعلقہ حکام پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب کابینہ کمیٹی اور الیکشن کمیشن کے درمیان ہونے والے اجلاس میں صوبائی حکومت نے 15 دسمبر سے 15 جنوری کے دوران بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دی تھی۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری مکمل ہے، تاہم انتخابات کے انعقاد کے لیے 20 جنوری کے بعد کی تاریخ مقرر کی جائے کیونکہ انتظامی اور دیگر ضروری تیاریوں کے لیے حکومت کو مزید دو ماہ درکار ہیں۔

چیف سیکرٹری نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر کے دوران پنجاب خصوصاً لاہور میں شدید دھند ہوتی ہے، جس کے باعث انتخابی عملے کو انتظامات کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ ان کے مطابق 20 جنوری کے بعد موسم بہتر ہونے کی توقع ہے، جبکہ سردیوں میں دن چھوٹا ہونے کے باعث ووٹرز کو بھی پولنگ میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

چیف الیکشن کمیشن کے ایک رکن نے سوال اٹھایا کہ حکومت پنجاب پہلے اپریل میں انتخابات کرانے کی تجویز دے رہی تھی، جس پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت نے دوبارہ غور کیا ہے اور اب جنوری یا فروری میں انتخابات کرانے پر بھی اسے اعتراض نہیں، تاہم 20 جنوری کے بعد کی تاریخ مناسب رہے گی۔

چیف سیکرٹری پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ اپریل میں موسم بہتر ہونے اور دن طویل ہونے کے باعث انتخابی سرگرمیاں زیادہ آسانی سے مکمل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرد موسم میں عملے اور ووٹرز دونوں کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ بسنت تو حکومت منا رہی ہے، تاہم الیکشن کمیشن 20 جنوری کے بعد انتخابات کرانے کی درخواست کا جائزہ لے گا اور اس کے بعد حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اکتوبر میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرتے ہوئے پولنگ کے لیے 14 دسمبر کی تاریخ تجویز کی تھی۔ اب صوبائی حکومت کی نئی درخواست پر کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

More News