مخصوص نشست کا تنازع، وفاقی آئینی عدالت نے جے یو آئی کی اپیل خارج کردی

مخصوص نشست کا تنازع، وفاقی آئینی عدالت نے جے یو آئی کی اپیل خارج کردی

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے مخصوص نشست کے تنازع پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کی اپیل خارج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

مخصوص نشست سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد جے یو آئی کی درخواست مسترد کردی۔

سماعت کے دوران جے یو آئی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جماعت نے مخصوص نشستوں کے لیے چار امیدواروں کے نام الیکشن کمیشن کو فراہم کیے تھے، تاہم الیکشن کمیشن کسی سیاسی جماعت کی جانب سے جمع کرائی گئی فہرست میں تبدیلی نہیں کرسکتا۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جے یو آئی کا مؤقف ہے کہ صدف احسان ان کی جماعت کی امیدوار نہیں ہیں، لیکن الیکشن کمیشن انہیں جماعت کی امیدوار قرار دے رہا ہے۔

وکیل جے یو آئی کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی جماعت کی جانب سے فراہم کردہ فہرست میں کوئی غلطی تھی تو اس کی درستگی کے لیے جماعت سے رجوع کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے اس معاملے کو پاکستان کی سیاسی تاریخ کا منفرد کیس قرار دیا۔

تاہم وفاقی آئینی عدالت نے جے یو آئی کے دلائل مسترد کرتے ہوئے اپیل خارج کردی اور الیکشن کمیشن کا سابقہ فیصلہ برقرار رکھا۔

More News