اوورسیز پاکستانیوں کو سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اوورسیز پاکستانیوں کو سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے سفارت خانوں میں سہولتوں میں اضافے، دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو ڈیجیٹل بنانے، شکایات کے اندراج کے نظام کو مزید آسان بنانے اور مختلف ادائیگیوں کے طریقۂ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزارتِ خارجہ، وزارتِ داخلہ، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، وزارتِ اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے پاور آف اٹارنی، جائیدادوں کی خرید و فروخت اور دستاویزات کی تصدیق کے نظام میں کیو آر کوڈ متعارف کرایا جا چکا ہے، جبکہ شکایات کے اندراج کے لیے بھی جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سفارت خانوں میں کیو آر کوڈ نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں اور اس حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارتِ خارجہ کے دفتر اسلام آباد میں شام کی شفٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ دستاویزات کی تصدیق کی سہولت آسان خدمت مرکز میں بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ ہائر ایجوکیشن کمیشن، نادرا، انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن اور نیشنل پولیس بیورو کے ڈیٹا بیس کو بھی ایک دوسرے سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق آئندہ مرحلے میں پورے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جائے گا، جبکہ ایک موبائل ایپلی کیشن بھی تیار کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے پیدائش، وفات، شادی اور خاندانی رجسٹریشن سمیت دیگر اہم دستاویزات کی تصدیق ممکن ہو سکے گی۔

More News